अपना जिला

نگر پالیکا میں بورڈکی میٹنگ منعقد، 3/ ارب 17/ کروڑ 16/ لاکھ روپے کا گرینڈ بجٹ منظور

 

شہر کی ہمہ جہت ترقی کا خاکہ تیار، ٹاؤن ہال اور ڈیجیٹل لائبریری کی بھی ہوگی تعمیر

پالیکا صدر ارشد جمال نے بجٹ 2025-26 ایوان میں کیا پیش،ممبران نے بھی صوتی ووٹ سے دی منظوری

پورے شہر کو سہولتوں سے آراستہ کرنے کی اسکیموں پر کام کیا جائے گا، مناسب بجٹ کا ہدف مقرر۔ ارشد جمال

مؤناتھ بھنجن۔ آج نگر پالیکا پریشد کے میٹنگ حال میں سیشن 2025-26 کے بجٹ کے لیے بورڈ کی اہم مینٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت پالیکا چیئرمین ارشد جمال نے کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے سیشن 2025-26 کا بجٹ بورڈ کے سامنے پیش کیا۔اس بجٹ میں شامل میونسپلٹی کی آمدنی اور اخراجات کی مکمل تفصیلات میونسپلٹی کے اکاؤنٹنٹ – ترلوک ناتھ مشرا نے پیش کیں۔ یہ بجٹ سٹی ایریا کی ہمہ جہت ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس میں شہر کی ترقی کے تمام ممکنہ پہلوؤں پر گہری نظر رکھی گئی ہے۔

اس بجٹ میں ہر شے کے لیے مناسب فنڈز مختص کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ مقصد کے حصول کے لیے ترقی کے تمام پہلوؤں پر نکتہ وار گہرائی سے بحث کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر بجٹ سے متعلق تمام تجاویز کو ممبران نے صوتی ووٹ سے منظور ی دیدی۔تاہم کچھ معاملات پر تھوڑی نوک جھونک بھی دیکھنے کو ملی۔بورڈ کی جانب سے پاس ہونے والے 3/ ارب 17/ کروڑ 16/ لاکھ روپے کے اس عظیم بجٹ کو شہر کی تعمیر و ترقی سے جوڑ کر ایک بڑے عوامی فلاحی بجٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں نگر پالیکا کے صدر ارشد جمال نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تجاویز پاس کر کے قابل ستائش کام کیا ہے جس سے پورے شہر میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہونگی۔بورڈ کی اس میٹنگ میں منصوبہ بند اسکیموں پر عمل آوری کے لیے مناسب بجٹ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں میں تیزی آئے گی۔

بجٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سالانہ بجٹ دراصل بورڈ کی تخمینی آمدنی اور اخراجات کے اعداد و شمار کو کہتے ہیں جس کے ذریعے متعلقہ سال میں تمام اشیاء اور ذرائع سے ممکنہ آمدنی اور اخراجات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اس کا موجودہ سال کی آمدنی اور اخراجات سے بھی موازنہ کیا جاتا ہے اور نئی آمدنی کے ذرائع کو ذہن میں رکھ کر تخمینہ اخراجات کا حساب کتاب تیار کیا جاتا ہے اور ہدف آمدنی کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں کی جاتی ہیں۔ اس عمل کو بجٹ کہا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی چیز کے لیے مقررہ اعداد و شمار سے زیادہ یا کم رقم درکار ہو تو اس کی تلافی پاس شدہ بجٹ کی نظرثانی کے ذریعے کی جاتی ہے جسے ایوان میں سال کے وسط میں ہی لا سکتا ہے۔

نگر پالیکا کے چیئرمین ارشد جمال نے صوتی ووٹ سے بجٹ پاس ہونے پر تمام ممبران بورڈکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تخمینہ شدہ بجٹ ہے جس سے آمدنی پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کی منظوری سے بورڈ بلاشبہ ترقی اور عوامی مفاد کے اہداف میں نئی توانائی کے ساتھ کام کریگا۔ میونسپل صدر نے کہا کہ شہر کی ترقی کا انحصار صرف ہمارے بنائے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر ہے، یہی وجہ ہے کہ بورڈ کے مقاصد میں شہر کی ترقی اور عوام کی بنیادی سہولیات کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔

اس بجٹ میں چیئرمین ارشد جمال نے بورڈ کے سامنے میونسپل کونسل کی جانب سے سال 2025-26 میں بنیادی طور پر شہر بھر میں جن ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کے ہدف کی بنیاد پر کیے جانے والے تخمینہ اخراجات کے حوالے سے تجاویز پیش کی ہیں ان میں خاص طور سے سال میں کم از کم دو بار مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد، شہر کے علاقے میں واقع سرکاری اسکولوں کی از سر نو تزئین کاری، مکھیہ منتری ویشوک نگرودے یوجنا کے تحت ایک ڈیجیٹل لائبریری کا قیام، مکھیہ منتری ویشوک نگرودے یوجنا کے تحت ایک ٹاؤن ہال کی تعمیر، پالیکا دفتر میں فائر سسٹم کی تنصیب، مرزاہادی پورہ چوک سے سنسکرت پاٹھ شالہ تک اور ڈھیکولیا گھاٹ سے سنگت گھاٹ تک نیزسارہو پولیس چوکی سے ایم پی راجیو رائے کے دفتر تک، کوتوالی سے صدر چوک ہوتے ہوئے مرزاہادی پورہ چوک تک، صدر چوک سے بھیلی بازار ہوتے ہوئے بندھے تک،اعظم گڑھ موڑسے غازی پور تراہے تک، مزاہادی پورہ چوک سے صابری مسجد تک روڈ پٹری و سڑک کی تعمیر، فروژن گوشت کے لیے لائسنس (این او سی) دینے کے علاوہ دیگر تجاویز میں پریوار رجسٹر سے متعلق قوانین بنانا، ہورڈنگ اور اشتہارات پر فیس میں اضافہ، ٹھیکیداری کے لئے نئے رجسٹریشن فیس اور تجدید فیس میں اضافہ اور ہنر مند ملازمین کے پے اسکیل میں اضافہ جیسی اہم تجاویز شامل تھیں۔ اسی طرح کئی دیگر اہم کاموں کو عملی جامہ میں منتقلی کے لئے بورڈ کے فلاحی مقاصد پر خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس نقطہ نظر سے بھی عوامی بہبود کے مسائل خاص طور پر بجٹ میں توجہ کا مرکز رہے۔

میٹنگ میں ایگزیکٹیو آفیسر دنیش کمار نے بورڈ کو یقین دلایا کہ بورڈ کے ذریعہ پاس کردہ بجٹ کے مطابق تمام تجاویز پرپورا پالیکا عملہ ترجیحی بنیاد پرکام کرے گااور شہر کے باشندوں کی تمام سہولیات کا بھی خیال رکھا جائے گانیزبورڈ کی ہر منشا کومد نظر رکھتے ہوئے ضروری عملی اقدام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

بورڈ میٹنگ کے اختتام پر چیئرمین ارشد جمال کے والد حاجی بشیر احمد اور نربھے پرتاپ سنگھ کی والدہ شاردا دیوی کے انتقال پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحوم کی ارواح کے لیے خدا سے دعا کی گئی۔

میٹنگ میں تمام معزز ممبران، ایگزیکٹو آفیسر- دنیش کمار، اکاؤنٹنٹ- ترلوک ناتھ مشرا، ٹیکس سپرنٹنڈنٹ- سنتوش کمار، ریونیو انسپکٹر- امرتا رائے، صفائی اور فوڈ انسپکٹر- ستیہ پرکاش اور راجیو کمار شکلا، جلکل جے ای- پنکج ورما،جونیئر انجینئر سول- منوج کمار سونکر، رمیش چند، تعمیراتی  کلرک- دھرمیندر کمار پانڈے، ٹیکس کلرک انیت سنگھ اور اجے کمار وغیرہ موجود تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *